بابا ریشی بارہمولہ سڑک آمدورفت کیلئے بند

ٹنگمرگ// گلمرگ کو ضلع ہیڈ کوارٹر بارہمولہ سے ملانے والی بابا ریشی سڑک اتوار کی شام کو اُس وقت گاڑیوں کی آمدو رفت کیلئے بندہوگئی جب تیلہ کنی کے مقام پر اچانک زمین کھسکنے سے مٹی کا تودہ سڑک پر گر آیا جس سے سڑک آمدو رفت کیلئے بند ہوگئی۔ نمبلنار بابا ریشی کے ایک شہری عمر محمد نے بتایا کہ گزشتہ سال محکمہ آر اینڈ بی نے بابا ریشی بارہمولہ سڑک کی کشادگی پر کام شروع کیا تھا جسے نومبر میں ہوئی برفباری کے بعد ادھورا چھوڑ دیا گیا جس کے نتیجے میں سڑک کی حالت ناگفتہ بہہ بن گئی ہے۔ اتوار کی شام کو مٹی کا تودہ گرنے سے سڑک آمد ورفت کیلئے بندہوگئی ہے۔ محکمہ آر اینڈ بی ماگام کے مطابق سڑک کوایک دو دن میں آمدو رفت کے قابل بنایا جائے گا۔