راجوری// راجوری قصبہ سے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کو جانے والی سڑک کی کشادگی کے لئے حکام نے اراضی کی حصولیابی کا عمل شروع کیا ہے۔ایک سرکاری اہلکارنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یونیورسٹی سڑک کو کشادہ کرنے کے پروجیکٹ کو حال ہی میں منظوری دی گئی ہے،جس کا اعلان پرنسپل سیکرٹری فائنانس نے بدھ کے روز اپنے دورہ کے دوران کیا تھا ۔راجوری قصبہ سے یونیورسٹی کو جانے والا سات کلو میٹر تنگ ہے اور اب اسکی کشادگی کرنے کیلئے اسے دو گلیار کیا جا رہا ہے۔ 1816.14 روپے تخمینہ لاگت کے اس پروجیکٹ پر ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے ۔دریں اثنا ، محکمہ مال اور محکمہ تعمیرات عامہ نے اراضی حصولیابی کا عمل شروع کرنے کے لئے سڑک کی مشترکہ جانچ شروع کر دی ہے اور ہفتہ کے روز تک تین کلو میٹر کا معاینہ کیا گیا ہے۔مشترکہ جانچ کا مقصد محکمہ مال کو اراضی حصولیابی کیلئے زمین مالکان کو معاوضہ منظور کر نے کیلئے کاغذات تیارکرنا ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر محمد اعجاز اسدنے زمین حصولیابی عمل شروع ہونے کی تصدیق کی ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کیمپس راجوری قصبہ سے تقریباً 8کلو میٹر دور ہے اور تا حال یونیورسٹی کو جانے والا روڈ سنگل لین کا ہے ،جبکہ اس سڑک پر سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیں چلتی ہیں۔یونیورسٹی کا عملہ اور طلاب اس سڑک کو کشادہ کرنے کابرسوں سے مطالبہ کر رہے ہیں۔
باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی سڑک کی کشادگی
