جموں//جموں وکشمیرنیشنل کانفرنس کے صوبائی صدروایم ایل اے دویندرسنگھ رانانے ریاست کی پی ڈی پی۔بی جے پی حکومت سے کہاہے کہ وہ بجالتہ یاپنج گرائیں میں متبادل ہوائی اڈے کی تعمیرسے متعلق مسودے کی جلدمنظوری کے لئے مرکزی سرکارسے رجوع کرے تاکہ عوام کی اس مانگ کوپوراکیاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ یہ دونوں مقامات جموں شہرکے نزدیک ہیں۔ رانانے کہاکہ اس سلسلے میں سروے کاکام مکمل کرلیاگیاہے اورفیزیبلٹی رپورٹ بھی تیارہے۔رانانے کہاکہ یہ فیصلہ ضلع ترقیاتی بورڈکی میٹنگ میں ان کے مسودہ پرلیاگیاتھا۔انہوں نے کہاکہ جموں میں متبادل ہوائی اڈے کاہونابہت ضروری ہے تاکہ ریاست کی سیاحت پرآنے والے سیاحوں اورویشنودیوی کے درشنوں کے لیے آنے والے یاتریوں کوآمدورفت میں سہولت میسرآسکے۔رانا نے امیدظاہر کی کہ یہ معاملہ وزیراعظم کے دورہ ریاست کے دوران ان کے ساتھ خصوصی طورسے اُٹھایاجائے گااوراُمید کی جانی چاہیئے کہ وزیراعظم اس سلسلے میں اعلان بھی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ یہ بات قابل ذکرہے کہ جموں میں ہرسال قریباً دس ملین یاتری آتے ہیں ،متذکرہ بالا ہوائی اڈے کی تعمیرسے جہاں صوبہ جموں کی اقتصادیات کونیاعروج ملے گاوہیں یاتریوں کوبھی سفر میں راحت ملے گی۔انہوں نے کہاکہ سیاحت کے فروغ کے لیے بہتربنیادی ڈھانچہ کلیدی اہمیت کاحامل ہے اس لیے عوام اورسیاحوں کوبہترسہولیات فراہم کرناحکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔