سونا واری//سینٹرل کنٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی نے انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ اگر انکے مطالبات کو حل نہیں کیا گیا تو وہ کاموں کے بائیکاٹ کا اعلان کریں گے۔ کمیٹی نے بیداری مہم کو جاری رکھتے ہوئے سمبل بانڈی پورہ کے ٹائون ہال میں منعقدہ اجلاس کے دوران سرکار پر واجب الادا رقومات کی ادائیگی پر زور دیا۔ کارڈی نیشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری فاروق احمد ڈار نے بیداری پروگرام کے حاشیہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ انجینئر انتظامی معاہدوں کی آڑ میں ٹھیکیداروں کی رقومات کو التواء میں رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واجب الادا رقومات طلب کوئی گناہ نہیں ہے اور ٹھیکیدار اس کا تقاضا کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ ٹھیکیداروں پر کالے قوانین عائد کئے جاتے ہیں،جس سے نہ صرف ترقیاتی کاموں کی رفتار سست پڑ جاتی ہے بلکہ ٹھیکیدار وں کی بربادی کا بھی سامان بن رہا ہے۔انہوں نے مزیدکہا ’’ فی الوقت685کروڑ روپے سرکار پاس واجب الادا ہیں ہیںاور انہیں واگزار کرنے میں لیت ولعل کیا جا رہا ہے‘‘۔ انہوںنے کہا سرکار سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر واجب الادا رقومات کی واگزاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں کے کارڈوں کی تجدید (رینول) فوری طور ک پر کی جانی چاہئے کیونکہ اس میں تاخیر سے ٹھیکیدار ٹینڈرنگ عمل میں حصہ لینے سے رہ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چند بیوروکریٹ تعمیراتی کاموں میں رخنہ ڈال رہے ہیں،تاہم لیفٹیننٹ گورنر جموں کشمیر میں ترقی و تعمیر کے حامی ہیں۔ ڈار نے سرکار کو متنبہ کیا کہ اگر ان کے مسائل کو حل نہیں کیا گیا تو ان کے پاس تعمیراتی کاموں کے بائیکاٹ کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہوگا۔تقریب کے دوران کنٹریکٹرس یونین سوناواری کے نو منتخب صدر محمد الطاف کو حلف دلایا گیا اور انہیں مبارکباد پیش کی گئی۔
بائیکاٹ کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں | کنٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کا سرکار کو انتباہ
