بائیو میٹر ک نظام کے بغیر راشن کی فراہمی کا مطالبہ

کوٹرنکہ//سب ڈویژن کوٹرنکہ کے مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ کے دنوں میں بائیو میٹرک نظام کا استعمال کئے بغیر صارفین کو راشن فراہم کیا جائے تاکہ کووڈ کے پھیلائو کو کم کیاجاسکے ۔سب ڈویژن کے معززین نے بتایا کہ اس مشکل وقت میں بھی انتظامیہ کی جانب سے راشن صرف بائیو میٹرک نظام کا استعمال کئے ہی ممکن بنائی جارہی ہے جبکہ بائیو میٹرک مشین پر صارفین کی جانب سے لگائے جانے والے ہاتھوں کے ذریعہ علاقہ میں وائرس کا پھیلا ئو زیادہ ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کوٹرنکہ سب ڈویژن کے متعدد علاقے اس وقت ریڈ زون کے زمرے میں شامل کر دئیے گئے ہیں جبکہ اس کے باوجود بھی راشن ڈیلروں کی جانب سے راشن کی فراہمی کیلئے بائیو میٹرک نظام استعمال کیا جارہا ہے جبکہ صارفین کی ایک بڑی تعداد اس وقت بھی راشن لے رہے ہیں ۔انہوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ وہ کووڈ کے دنوں میں بائیو میٹرک نظام کو موخر کریں تاکہ وائرس کے پھیلا ئو کو کم کیا جاسکے ۔