اے ڈی جی پی جموں زون کا سانبہ ضلع میں جرائم ،امن قانون کی صورتحال کا جائزہ

عظمیٰ نیوزسروس

جموں//ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں زون آنند جین نے سانبہ ضلع کا ایک جامع دورہ کیا۔ اے ڈی جی پی جموں کے ساتھ ڈی آئی جی جے کے ایس رنیج سنیل گپتا بھی تھے ۔دورے کے دوران ،آنند جین نے ایک وسیع جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں جرائم، لاء اینڈ آرڈر پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ضلع میں جرائم کے موجودہ اعدادوشمار پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن ایس ایس پی سانبا ونے شرمانے دی، جس میں مختلف قسم کی مجرمانہ سرگرمیوں کے رجحانات کو اجاگر کیا گیا۔پولیس آپریشنز کی تاثیر کو بڑھانے کے لیے حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایک محفوظ ماحول کو فروغ دینے کے لیے کمیونٹی پولیسنگ کو بہتر بنانے اور پولیس اور عوامی تعلقات کو مضبوط بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔بہتر انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ آپریشنز کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ ہم آہنگی اور مواصلات کو مضبوط بنانا بحث کا ایک اہم نکتہ تھا۔ ضلع میں دہشت گردی کی سرگرمیوں اور دیگر بڑے خطرات سے نمٹنے اور روکنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی غور کیا گیا۔شکایات کے ازالے کے لیے پولیس کو عوام کے لیے مزید قابل رسائی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ عوامی مسائل کے بروقت اور موثر حل کو یقینی بنانے کے اقدامات پر عملدرآمد پر بھی غور کیا گیا۔اے ڈی جی پی آنند جین نے امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم سے نمٹنے میں سانبہ ضلع پولیس کی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے افسران کو اپنے فرائض میں چوکس اور مستعد رہنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے اہلکاروں سے ان کے چیلنجز کو سمجھنے کے لیے بات چیت کی اور انہیں آپریشنل مشکلات کو حل کرنے میں تعاون کا یقین دلایا۔