عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //سونہ مرگ میں ٹریفک پولیس اہلکار کو اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی)نے ایک ٹرک ڈرائیور سے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ اینٹی کرپشن بیورو نے ہفتہ کو سونہ مرگ علاقے میں میکینکل وے برج پر بغیر وزن کے اورلوڈ گاڑی کو کرگل جانے کے لئے 9000روپے رشوت لیتے ہوئے ٹریفل پولیس سلیکشن گریڈ کانسٹیبل محمد ایوب کورنگے ہاتھوں گرفتار کیا ۔ یہ گرفتاری سونہ مرگ میں ٹریفک پولیس کی طرف سے قائم کئے گئے چک پوسٹ پر کی گئی ۔ مذکورہ چک پوسٹ ماضی میں بھی خبروں میں رہا ہے۔ سرینگر لداخ شاہراہ پر چلنے والے ٹرک ڈرائیور اکثر ٹریفک پولیس پر بدعنوانی کا الزام لگاتے ہیں۔
بدعنوانی روکنے کے لئے تین برس قبل محکمہ ٹرانسپورٹ نے سونہ مرگ میں قائم میکینکل وے برج پر سی سی کیمرے نصب کئے تھے تاہم محکمہ موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے نامعلوم وجوہات کی بنا پر ان سی سی کیمروں کی کبھی نگرانی نہیں کی گئی ۔ بدعنوانی کے بارے میں اطلاع ملنے کے بعد اینٹی کرپشن بیورو کی ایک ٹیم نے سادہ کپڑوں میں ملبوس سونہ مرگ میں قائم ٹریفک پولیس چک پوسٹ پر ایک سلیکشن گریڈ کانسٹیبل محمد ایوب کو اس وقت رنگے ہاتھوں دبوچ لیا جب مزکورہ اہلکار ٹرالر ڈرائیور سے بغیر وزن اور لوڈ چھوڑنے کے لئے 9000ہزار روپے رشوت لے رہا تھا۔واضح رہے کہ یہ ٹریفک چیک پوسٹ بہت بدنام رہا ہے اور یہاں تعینات عملہ کئی کئی برسوں سے تعینات ہے۔