ای گورننس کی طرف اہم قدم

 زیرالتواء دستاویزات کو5فروری سے قبل بھیجنے کی ہدایت

 
جموں//انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ نے سول سیکریٹریٹ میں کام کررہے چالیس محکموں کی اڑھائی لاکھ فائلوں کواب تک ڈجٹائز کیا ہے جبکہ تمام انتظامی سیکریٹریوں سے کہاگیا ہے کہ وہ بغیراسکین کی ہوئی فائلوں کو 5فروری تک محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کواسکینگ کیلئے بھیجیں۔سرکاری ریکارڈ کی ڈجٹائزیشن کیلئے 5فروری کے بعد کسی بھی فائل کو قبول نہیں کیا جائے گااورای دفتر کی طرف قدم بڑھانے کیلئے جموں کشمیرای گورننس ایجنسی نے سرکاری ریکارڈ کی صدفیصداسکینگ کیلئے تمام انتظامی سیکریٹریوں سے استدعا کی ہے کہ وہ 5فروری تک بغیر اسکین کی ہوئی فائلوں کو محکمہ کو بھیجیں۔جموں کشمیر ای گورننس ایجنسی نے یہ ہدایات جاری کی ہیں کیوں کہ 7فروری 2021سے جاری پروجیکٹوں کی اسکینگ کاکام بند کیا جائے گا۔سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ وسی ای اوجموں کشمیرای گورننس ایجنسی سمرندیپ سنگھ کی طرف سے جاری سرکیولر میں لکھا ہے،’’جموں کشمیرای گورننس ایجنسی کی طرف سے تقریباً95فیصدکل فائیلیں وصول کی گئیں اورانہیں اسکین کیاگیا ۔‘‘اس سے قبل جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ نے  سول سیکریٹریٹ میں مختلف محکموں کے ریکارڈ کی اسکینگ اورڈجٹائزیشن کیلئے حتمی روسٹر جاری کیاتھا۔سرکیولرمیں کہاگیا ہے،’’سینٹر میں مزید کوئی فائل اسکین کیلئے نہ ہونے کی بنا پر جموں کشمیر ای گونرننس ایجنسی جاری پروجیکٹ کااسکینگ کا شعبہ 7فروری سے بند کررہا ہے۔‘‘سرکیولرمیں کہاگیا ہے کہ 5فروری2021کے بعد کسی بھی فائل کو اسکینگ کیلئے نہیں لیا جائے گااوراس لئے تمام انتظامی سیکریٹریوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اپنے نوڈل افسروں کوبغیراسکین کی ہوئی فائلوں کو بھیجنے کی ہدایت دیں۔ سرکیولرمیں بتایا گیا ہے ،’’موجودہ معیاری ضابطہ عمل کے تحت 5فروری کے بعد کسی نئی فائل کو اسکینگ کیلئے قبول کیاجائے گا۔سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اورسی ای اوجموں کشمیرای گورننس ایجنسی نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ ہم سول سیکریٹریٹ میں تمام فائلوں کو اسکین کررہے ہیں تاکہ کسی تباہی یاآفات سماوی کے دوران اگر ہماراریکارڈ کھو بھی جائے تب بھی ہمارے پاس فنی امداد ہو۔انہوں نے کہا کہ بنیادی طور ہم ای دفتر کی طرف رجوع کررہے ہیں جہاں فائلوں کو الیکٹرانک ذرائع  این آئی سی سافٹ وئر کے ذریعے سے استعمال کیا جائے گا۔ای دفتر کیلئے رجوع کرنے کیلئے انہوں نے کہا کہ اسکینگ ایک لازمی جزہے اورابھی تک ہم نے سول سیکریٹریٹ کے لگ بھگ تمام40محکموں کی95سے99فیصد تک فائلوں کو اسکین کیاہے ۔انہوں نے کہا کہ کم سے کم اڑھائی لاکھ فائلیں اورایک کروڑ70لاکھ صفحات کواسکین کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 7فروری2021کے بعدجموں کشمیر ای گورننس ایجنسی اپنی تمام قوت معیار کی جانچ اور اسکین کی ہوئی فائلوں کو ڈاٹامنیجمنٹ سسٹم میں منتقل کرنے پر صرف کرے گا۔