ایگریکلچرل ایمپلائزکو آرڈنیشن کمیٹی کا احتجاج

جموں //ایگریکلچرل ایمپلائزکو آرڈنیشن کمیٹی کے اراکین نے انتظامیہ کی جانب سے غیر تکنیکی ڈائریکٹر تعینات کئے جانے کیخلاف احتجاج کیا ۔کمیٹی نے اراکین نے ریاستی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک حکم نامے زیر نمبر184-GADکے تحت ایک غیر تکنیکی ڈائریکٹر کو بطور ڈائریکٹر ایگری کلچرل جموں تعینات کیا گیا ہے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ایگریکلچرل ایمپلائزکو آرڈنیشن کمیٹی کے چیئر مین پردیپ کمار شرما نے کہاکہ شعبہ زراعت جموں کے تحت کئی فصلوں کو تیار کیا جاتا ہے اور ان فصلوں میں ہونے والی مختلف بیماریوں ودیگر جانکاری کیلئے ایک تکنیکی طورپر ماہر ڈائریکٹر کی ضرورت ہے تاکہ محکمہ کو بہتر سمت میں گامزن کیا جاسکے تاہم ریاستی انتظامیہ نے مذکورہ عہدے پر ایک غیر تکنیکی ڈائریکٹر کو تعینات کر دیا ہے جس کی وجہ سے محکمہ کو نقصان ہو سکتا ہے ۔کمیٹی اراکین نے ریاستی گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے سابقہ حکمنامے کو منسوخ کر تے ہوئے محکمہ میں تکنیکی طور پر ماہر ڈائریکٹر کو تعینات کریں ۔