مقبوضہ بیت المقدس//فلسطین میں اسیران کے لیے کام کرنے والے اداروں نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ مئی 2021ء کے دوران اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاون کیا، جس کے نتیجے میں 471 بچوں اور سیکڑوں خواتین سمیت 3100 فلسطینیوں کو پابند سلاسل کردیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیت المقدس میں الشیخ جراح، باب العامود اور دیگر مقامات سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے اعلان کے بعد فلسطینیوں کے خلاف 13 اپریل کو کریک ڈائون میں اس وقت شدت آئی، جب فلسطین بھر میں اسرائیل کے نسلی جبر کے خلاف مظاہرے شروع ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے مظاہروں کو کچلنے کے لیے وسیع پیمانے پر کریک ڈائون شروع کیا۔