ایک لاکھ افراد بے گھر ہو گئے

جموں//سرحدی کشیدگی کے دوران نقل مکانی کرنے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی ہے ۔ جموں ، سانبہ اور کٹھوعہ اضلع کے 100سے زائد دیہات پاکستانی فائرنگ کی زد میں ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستان رینجرز کی طرف سے فائرنگ کا دائرہ 5.50ساڑھے پانچ کلو میٹر تک بڑھا دیا گیا ہے جو کہ اس سے قبل چار سے ساڑھے چار کلو میٹر ہوا کر تا تھا جس کی وجہ سے لوگوں میں ڈر اور دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے ۔ جموں ضلع کے آر ایس پورہ اور ارنیہ سیکٹر سب سے بری طرح متاثر ہیں ، یہاں 80دیہات متاثر ہوئے ہیں اور کئی ایک پررونق دیہات سنسان ہو گئے ہیں۔ ایڈیشنل ڈی سی جموں ارون منہاس نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ آر ایس پورہ سیکٹر سے 80ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے ہیں ، ان میں سے بیشتر اپنے رشتہ داروں کے گھروں میں مقیم ہیں جب کہ دیگر انتظامیہ کی طرف سے قائم کردہ کیمپوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔