بلال فرقانی
سرینگر// جموں کشمیر میں تعلیم یافتہ بے روزگاروں کی تعداد میںبتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ4 برسوں کے دوران بھرتی ایجنسی، سروس سلیکشن بورڈ کو26لاکھ کے قریب درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ دستیاب اعدادو شمار کے مطابق 2019 سے 2023 تک26 ہزار 687 اسامیوں کو سروس سلیکشن بورڈ کی جانب سے مشتہر کیا گیا،جس کیلئے 26لاکھ 22ہزار 285 درخواستیں موصول ہوئیں۔ اس عرصے میں17ہزار668 امیدواروں کی تقرری بھی عمل میں لائی گئی۔ 2019میں سروس سلیکشن بورڈ کو ایک لاکھ30ہزار940درخواستیں موصول ہوئیں اور 2616امیدواروں کی تقرری عمل میں لائی گئی۔سال 2020میں 13لاکھ66ہزار670درخواستیں موصول ہوئیں اور1447تقرریاں عمل میں لائی گئیں۔ اعدادو شمار کے مطابق 2021میں 6لاکھ65ہزار360درخواستیں موصول ہوئیں اور سب سے زیادہ9ہزار329تقرریاں عمل میں لائی گئیں جبکہ گزشتہ برس 2022میں بورڈ کو4 لاکھ59ہزار315درخواستیں موصول ہوئیں،3505 اسامیوں کو مشتہر کیا گیا اور4276 تقرریاں عمل میں لائی گئیں۔ اس دوران ایس ایس آر بی کو مختلف محکموں کی جانب سے3239اسامیاں موصول ہوئیں،جن پر ابھی تک کوئی بھی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔4برسوں کے دوران مجموعی طور پر17ہزار668 اسامیوں کی تقرریاں عمل میں لائی گئیں۔