ایڈیٹرس گلڈ میٹنگ میں صحافتی اقدار پر تبادلہ خیال

سرینگر//کشمیر ایڈیٹرس گلڈ کی ایک میٹنگ میں وادی میں میڈیا کو درپیش متعدد چیلنجوں پر تبادلہ خیا ل کیا گیا ۔گلڈ کے ایک بیان کے مطابق میٹنگ میں ممبران نے کشمیر کی زمینی صورتحال کی رپورٹنگ کے دوران صحافتی اقدار کی پاسداری کرنے کے اپنے عہد کو دہرایا۔ ممبران نے ‘ بیان کے مطابق کشمیر میں ایک ایسا ماحول تیار کرنے کے عزم کا اظہار کیا جس سے ایک پیشہ ور میڈیا کو معرض وجود میں لانے میں مدد ملے گی ۔میٹنگ میں گلڈ کے صدر ‘ فیاض احمد کلو کی جانب سے پیش کئے گئے استعفے پر بھی تبادلہ خیال ہوا جسے اتفاق رائے سے مسترد کرتے ہوئے ان سے گزارش کی گئی کہ وہ گلڈ کے صدر بنے رہیں۔بیان کے مطابق ‘ میٹنگ میں اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ فیاض احمد کلو کی سربراہی میں گلڈ آزادیٔ اظہار کے ایک علمبردار کے طور پر سامنے آیا ہے اور وادی میں میڈیا کو مضبوط اور مستحکم بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کیا ہے ۔گلڈ کی میٹنگ میں گریٹر کشمیر کے مدیر اعلیٰ فیاض احمد کلو ،کشمیر امیجز کے مدیر اعلیٰ بشیر منظر ،روزنامہ عقاب کے مدیر اعلیٰ منظور انجم ،ندائے مشرق کے مدیر ہارون رشید شاہ ،تعمیل ارشاد کے مدیر راجہ محی الدین، چٹان کے مدیر اعلیٰ طاہر محی الدین ،گریٹر کشمیر کے پرنٹر پبلیشر رشید مخدومی، کشمیر ویژن کے مدیر اعلیٰ شفاعت احمد کیرا ،کشمیر لائف کے مدیر مسعود حسین ،کشمیر ریڈر کے مدیر اعلیٰ حاجی حیات محمد اور روز نامہ آفاق کے مدیر غلام جیلانی قادری شامل تھے۔