نئی دہلی/ہندوستان ایڈیلیڈ میں ہونے والے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ سے پہلے آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون ٹیم کے ساتھ کینبرا میں دو روزہ گلابی گیند کا پریکٹس میچ کھیلے گا۔ یہ میچ 30 نومبر سے یکم دسمبر تک منعقد کیا جائے گا۔ یہ میچ پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میچوں کے درمیان وقفہ کے دوران منعقد کرنے کا منصوبہ ہے ۔ گزشتہ دو سیزن میں بھی پرائم منسٹر الیون کے خلاف دو مرتبہ پریکٹس میچز کا انعقاد کیا گیا۔ ویسٹ انڈیز نے سال 2022 میں پرائم منسٹر الیون کے خلاف ڈے نائٹ پریکٹس میچ کھیلا تھا اور اس کے بعد پاکستان نے سال 2023 میں بھی پریکٹس میچ کھیلا تھا۔ ہندوستان نے مجموعی طور پر صرف چار ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلے ہیں، جن میں سے سب سے حالیہ 2022 میں بنگلورو میں سری لنکا کے خلاف کھیلا گیا تھا۔ جبکہ آسٹریلیا نے گلابی گیند کے 12 ٹیسٹ کھیلے ہیں (تمام ہوم گراؤنڈز پر)۔ گزشتہ سیزن میں انہیں برسبین میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پنک بال ٹیسٹ میں آٹھ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ اس کی پہلی شکست تھی۔ ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ہوم ٹیسٹ سیریز کے بعد آسٹریلیا پہنچے گی۔ ہندوستان 22 نومبر کو ٹسٹ سے قبل 15 سے 18 نومبر تک واکا میں انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ کھیلے گا۔ انڈیا اے ٹیم اکتوبر کے آخر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی اور میکے اور میلبورن میں دو چار روزہ میچ کھیلے گی۔(یواین آئی)