سرینگر// جموں کشمیر کے مختلف سرکاری محکموں میں وقتی ترقیوں(ایڈہاک پرموشن) کے عمل کو ختم کرنے کیلئے نقشہ راہ کی تجویز پیش کرنے کیلئے6انتظامی سیکریٹریوں پر مشتمل کمیٹی عنقریب ہی اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ محکمہ عمومی انتظامی کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیویدی کی جانب سے ایک حکم نامہ زیر نمبر1172جاری کیا تھا جس میں ’’مرکزی زیر انتظام والے خطے میں ایڈیاک عمل پر ترقیوں کے رجحان کو ختم کرنے کیلئے افسران پر مشتمل اس کمیٹی کو تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا تھا،جو مشق کے خاتمے کیلئے نقشہ راہ تلاش کرنے یا پیش رفت کی تجویز پیش کریں گی‘‘۔ اس کمیٹی میں6انتظامی سیکریٹریوں کو شامل کیا گیا تھا،جن میں محکمہ خزانہ،محکمہ تعمیرات عامہ،محکمہ عمومی انتظامی،محکمہ آب(جل شکتی) محکمہ اے آرآئی و ٹرینگس اور محکمہ قانون،انصاف و پارلیمانی امور کے انتظامی سیکریٹروں کو شامل کیا گیا ہے۔اس کمیٹی کے ذمے یہ کام سونپا گیا تھا کہ وہ سرکاری محکموں میں ایڈہاک ترقیوں کے نظام کیلئے مروجہ اور جاری عمل کے پیچھے وجوہات کی جانچ کرے گی۔کمیٹی کوسرکاری محکموں کی جانب سے با قاعدہ سطح پر ترقیوں میں حائل رکاوٹوں اور دشواریوں کا بھی جائزہ لینے کا اختیار دیا گیا تھا،جبکہ اس عمل کو روکنے کیلئے نقشہ راہ یا پیش رفت کیلئے اپنی تجاویز بھی پیش کرنے کیلئے کہا گیا تھا۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا تھا کہ مذکورہ افسران پر مشتمل یہ کمیٹی اپنی رپورٹ4ہفتوں کے اندر پیش کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کمیٹی عنقریب ہی یہ رپورٹ پیش کرے گی۔غور طلب بات یہ ہے کہ سرکاری محکموں میں وقتی طور پر ترقیوں کا نظام شباب پر ہے،جبکہ افسران کا مطالبہ ہے کہ انہیں با قاعدگی نظام پر اعلیٰ عہدوں پر ترقیوں سے نوازنا چاہیے،کیونکہ سبکدوشی کے وقت اگر چہ وہ ایڈہاک بنیادوں پر کسی محکمہ میں افسران کے طور پر اپنی خدمات انجام دیتے ہیں تاہم انکی تنخواہوں اور دیگر مراعات میں کوئی بھی اضافہ نہیں ہوتا۔
ایڈہاک ترقیوں پرروک کیلئے نقش راہ کمیٹی عنقریب رپورٹ پیش کرے گی
