ایڈمنسٹریٹراوقاف کی صدارت میں میٹنگ ،عیدانتظامات پر تبادلہ خیال کیاگیا

پونچھ//اوقاف اسلامیہ کے ایڈمنسٹریٹر پونچھ ریاض آتش نے ڈاک بنگلہ کے کانفرنس ہال میںایک اجلاس منعقد کیاجس میں عید الفطر کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔اجلاس میں تمام مساجد کے امام و خطیب اور معزز شہریوں کے علاوہ ضلع و تحصیل افسران نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مولانا فاروق احمد مصباحی اور حافظ ریاض نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ عید الفطر سے قبل لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عید سے قبل ہی مساجد کے ارد گر د اور عید گاہوں کی صفائی کی جائے اور عید گاہوں کے قریب عارضی بیت الخلاء تعمیر کروائے جائیں تاکہ نمازیوں کو وضو کرنے میں کوئی دشواری نہ ہو۔انہوں نے حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں بھی انتظامیہ کو متحرک رہنے کی اپیل کی۔اپنے خطاب میں ریاض آتش نے علمائے کرام کو یقین دلایا کہ وہ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداران سے مل کر تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دلائیں گے۔انہوں نے اس دوران اوقف اسلامیہ کی جائداد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا اور کئی اہم فیصلے لئے۔