سرینگر// حکومت کی جانب سے ایڈس( ایچ آئی وی )کے خلاف کثیر الجہتی ردعمل کو مستحکم کرنے کیلئے4 مشترکہ ورکنگ گروپس کی تشکیل کو منظوری دی گئی۔ سرکار کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا” ایچ آئی وی آئی( ایڈز )کی روک تھام ، علاج اور دیکھ بھال کے حوالے سے باہمی تعاون و خدمات کی انجام دہی کیلئے قومی ایڈز کنٹرول آرگنائزیشن نے18وزارتوںکے ساتھ باہمی مفاہمت کی ہے جبکہ اسمفاہمت کے تناظر میں4مشترکہ ورکنگ گروپس کو فائنانشل کمشنر محکمہ صحت و طبی تعلیم کی سربراہی میں تشکیل دیا ہے۔ سماجی محکموں کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپس کی کمان محکمہ صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر( ایڈیشنل چیف سیکریٹری) کو سونپی گئی ہے جبکہ9رکنی ٹیم میں محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کے انتظامی سیکریٹری، محکمہ محنت و روزگار کے انتظامی سیکریٹری، محکمہ سماجی بہبود کے انتظامی سیکریٹری، محکمہ خواتین و فروغ اطفال کے انتظامی سیکریٹری، مربوط چائلڈ ڈیولپمنٹ سروس کے مشن ڈائریکٹر،کمپوزیٹ ریجنل سینٹر بمنہ سرینگر کے ڈائریکٹر اور ایڈس کنٹرول سوسائٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر شامل ہیں۔ حکم نامہ کے مطابق ڈھانچہ جاتی محکموں و نیم سرکاری خود مختار اداروں سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کی کمان بھی محکمہ صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری) کو سونپی گئی ہے۔7رکنی کمیٹی میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے انتظامی سیکریٹری، محکمہ صنعت و حرفت کے انتظامی سیکریٹری، محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انتظامی سیکریٹری، نیشنل ہائے ویز اتھارٹی آف انڈیا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر، اور ایڈس کنٹرول سوسائٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر شامل ہیں۔ آرڈر کے مطابق اتحادی فورسز کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا قلمدان بھی محکمہ صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری) سونپا گیا ہے،جبکہ5 رکنی کمیٹی میں محکمہ داخلہ کے انتظامی سیکریٹری،جموں کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل، سی آر پی یاف کے سپیشل ڈائریکٹر جنرل اور ایڈس کنٹرول سوسائٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر شامل ہیں۔ چوتھے مشترکہ نوجوان ورکنگ گروپ میں محکمہ طبی تعلیم و صحت کے فائنانشل کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری) چیئرمین ہونگے جبکہ اس ورکنگ گروپ میں محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس کے انتظامی سیکریٹری، محکمہ تعلیم کے انتظامی سیکریٹری،محکمہ اعلیٰ تعلیم کے انتظامی سیکریٹری،ڈائریکٹر نہرو یوا کینڈر جموں کشمیر اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ایڈس کنٹرول سوسائٹی شامل ہے۔ سرکاری حکم نامہ کے مطابق یہ مشترکہ ورکنگ گروپس کو ایکشن پلان تیار کرنے کے لیے ضروری رہنمائی ، مدد اور مدد فراہم کرنے کے علاوہ باہمی تعاون کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کے مختلف متعلقین کی شمولیت کے ذریعے بروقت اور موثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کام سونپا گیا ہے۔ فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم کی سربراہی والی کمیٹی کو باہمی مفاہمت کے مقاصد کی حوصولیابی کیلئے ایکشن پلان اور سرگرمیوںکی عمل آواری و نفاذ کے ضوابط کو مرتب کرنے کیلئے لازمی رہنما خطوط فراہم کرنا ہے۔ اس ورکنگ گروپس کو باہمی مفاہمت کے تحت اہم متعلقین کومختلف سطحوں پر متحرک کر نے اور انکی شمولیت کو یقینی بنانے کا بھی تفویض کیا گیا۔ کمیٹی کوحکومت اور دیگر متعلقین کی سرگرمیوں کو انجام دینے کے لیے جموں کشمیر’ ایس اے سی ایس آفس‘ اور شریک محکمہ کے دفتر سے ضروری ہدایات جاری کرنے کی ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔ ورکنگ گروپس کو ایڈس،تپ دق کے بچاﺅ اور کنٹرول سے متعلق خدمات کو باہمی تعاون کے ذریعے مربوط کرنے اور انہیں توسیع کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
ایڈز کیخلاف کثیر الجہتی منصوبہ بندی
