سرینگر//ریاست میں التوا میں پڑے پروجیکٹوں کیلئے تشکیل دی گئی ہائی پاورڈ کمیٹی ( ایچ پی سی ) نے ایک غیر معمولی فیصلے کے تحت 580 کروڑ روپے لاگت والے 242 پروجیکٹوں کو منظوری دی، جن کو فنڈنگ کیلئے جے اینڈ کے انفراسٹریکچر ڈیولپمنٹ فائنانس کارپوریشن کو بھیجا جائے گا ۔ ان پروجیکٹوں کو مذکورہ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں منظوری دی گئی جس کی صدارت پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین کمار چودھری نے کی ۔ نوین کمار چودھری نے کہا کہ ریاست میں کئی پروجیکٹ مختلف وجوہات کی بنا پر التوا میں پڑے ہیں اور جے کے آئی ڈی ایف سی کی منظوری ملنے کے بعد ان محکموں کے سربراہان اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ پروجیکٹ اگلے مالی برس کی شروعات سے پہلے پایہ تکمیل کو پہنچائے جائیں ۔ میٹنگ کے دوران ایچ پی سی نے 26 سکولی عمارتوں ، 151 پروجیکٹوں بشمول پلوں کی تعمیر کا منصوبہ آئی ڈی ایف سی کو بھیجے جانے کو منظوری دی ۔ ایچ پی سی نے کرگل اور لہیہ اضلاع میں 179 کروڑ روپے لاگت والے پروجیکٹوں کو بھی منظوری دی ۔ نوین کمار چودھری نے کہا کہ ایچ پی سی کی اگلی میٹنگ سوموار کو منعقد ہو گی جس میں التوا میں پڑے دیگر پروجیکٹوں کی صورتحال کا جائیزہ لیا جائے گا ۔