دلی//کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے جموں وکشمیرمیں تمام فریقین کے ساتھ مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کیلئے پرامن ذرائع استعمال کرنا وقت کی ایک اہم ضرورت ہے ۔اس دوران کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر کی صدارت میں کانگریس ۔این سی کا ایک مشترکہ وفد صدر ہند سے ملاقی ہوا ،جس نے صدر ہند پرنب مکھرجی کو کشمیر کی مجموعی سیکو رٹی وسیاسی صورتحال کے حوالے سے مفصل جانکاری دی ۔ کانگریس ۔این سی کا ایک مشترکہ وفد زیر قیادت کانگریس ریاستی صدر غلام احمد میر بدھ کو صدر ہند پرنب مکھرجی سے راشٹرپتی بھون نئی دلی میں ملاقی ہوا ۔مشترکہ وفد نے صدر ہند کو کشمیر میں اُبھر رہی نئی اور مجموعی صورتحال کے حوالے سے جانکاری دی ۔وفد نے صدر ہند کو بتایا کہ ریاست خاص طور پر کشمیر میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جبکہ موجودہ حکومت کی ناکامیوں کے باعث عوام کو شدید مشکلات ومسائل کا سامنا ہے ۔اس سے قبل مشترکہ وفد کل ہند کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی سے بھی ملاقی ہوا اور اُنہیں کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی فراہم کی ۔اس موقع پر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ کشمیر کی صورتحال کو معمول پر لانے کیلئے تمام فریقین کے ساتھ مذاکرات کرنے کی پہل کرے تاکہ شورش کا حل تلاش کیا جاسکے ۔وفد میں کانگریس لیڈر نوانگ ریگزن جورا ،این سی لیڈر مبارک گل ،اعجاز احمد خان ،جی ایم سروری ،حاجی عبدالرشید ،گلزار احمد وانی ،الطاف کلو ،شوکت حسین گنائی ،عبدالمجید لارمی اوت ٹھاکر بلبیر سنگھ شامل تھے ۔