این ایچ ایم ملازمین کی 35روزہ ہڑتال ختم

جموں//نیشنل ہیلتھ مشن ملازمین نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کی یقین دہانی پر 35روز سے جاری اپنی ہڑتال اتوار کے روز ختم کردی اور وہ آج سے ڈیوٹی دوبارہ جوائن کرلیںگے ۔ہزاروں کی تعدا د میںاین ایچ ایم ملازمین 14جنوری سے اپنے مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج ہیں اور وہ مانگ کررہے ہیں کہ ملازمت کو مستقل کیاجائے جبکہ کام کے برابر تنخواہ دی جائے ۔اس ہڑتال کے باعث محکمہ صحت کا نظام بری طرح سے مفلوج بن کر رہ گیا اور دوردراز کے طبی مراکز بند رہے ۔ ملازمین کی تنظیم کے ترجمان فیضان احمد ترمبو نے بتایاکہ ہڑتال ختم کرکے پیر سے ڈیوٹی پر جانے کافیصلہ گورنر ستیہ پال ملک کی اس یقین دہانی پر لیاگیاہے جس میں انہوں نے کہاہے کہ جائز مطالبات پر غور کیاجائے گااور ان کے حق میں فیصلہ ہوگا۔انہوں نے بتایاکہ بی جے پی لیڈران کے ایک وفد نے پارٹی کے ریاستی صدررویندر رینہ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی اور یہ یقین دلایاکہ وہ ان کی مارچ کے پہلے ہفتے میں گورنر سے ملاقات منعقد کرواکے مطالبات پورے کروانے کی کوشش کریں گے لہٰذا وہ موجودہ صورتحال میں ڈیوٹی پر واپس چلے جائیں ۔ترمبو نے بتایا’’ہم نے موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ لیاہے ‘‘۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سنیچر کے روز گورنرانتظامیہ نے این ایچ ایم کے 46ملازمین کو ملازمت سے برطرف کرنے کے احکامات صادر کئے تھے ۔ترمبو نے بتایاکہ انہیں یہ یقین دلایاگیاہے کہ ان کے ڈیوٹی پر جانے کے ساتھ ہی برطرفی کے احکامات واپس لئے جائیں گے ۔