این ایچ ایم ملازمین کی ہڑتال مسلسل بارہویں روز بھی جاری

 جموں//نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت تعینات ملازمین کی ہڑتال اتوار کو مسلسل بارہویں روز بھی جاری رہی جس دوران مقررین نے حکومت کی جانب سے ان کے مسائل کی جانب بے رخی برتنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی ایک بڑا حصہ محکمہ صحت کو دے دیا ہے لیکن ابھی تک سرکار انہیں مستقل کرنے کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف انہیں تنخواہوں کی ادائیگی میں کم از کم اجرت کے اصول اورایک جیسا کام ایک جیسا دام کے اصولوں کو نظر انداز کر دی گئی ہے وہیں ملنے والا قلیل مشاہرہ بھی بروقت ادا نہیں کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کی طرف سے مسلسل ڈھلمل پالیسی اپنائی گئی ہے اور جھوٹے وعدے دئیے جارہے ہیں لیکن جب تک انہیں ریگولر کرنے کے بارے میں تحریری یقین دہانی نہیں کروائی جاتی تب تک وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مانگ کی کہ کل سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس میں انہیں مستقل کرنے کے بارے میں پالیسی وضع کی جائے بصورت دیگر وہ اپنے احتجاج کو مزید وسعت دینے پر مجبور ہوں گے۔