عظمیٰ نیوز سروس
بارہمولہ//حکام نے کہا ہے کہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے) جموں و کشمیر کے بارہمولہ ضلع سمیت ہندوستان بھر میں متعدد مقامات پر تلاشیاں لیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ این آئی اے نے جموں و کشمیر، مہاراشٹر، یوپی، آسام اور دہلی سمیت 5 ریاستوں میں 22 مقامات پر تلاشیاں لیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیس جیش محمد کی سرگرمیوں سے متعلق ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ NIA کی ٹیموں نے جموں کشمیر کے 3 ضلع میں سنیچر کی صبح سے تلاشی کا آغاز کیا۔این آئی اے کی پریس ریلیز کے مطابق ایجنسی نے ہفتے کے روز پانچ ریاستوں میں متعدد مقامات پر تلاشی لی اور ایک شخص کو گرفتار کیا۔شیخ سلطان صلاح الدین ایوبی عرف ایوبی کو ریاست آسام، مہاراشٹر، یوپی، دہلی اور جموں و کشمیر میں 26مقامات پر تلاشی کے بعد حراست میں لیا گیا۔ ملزم کو سازش کیس RC-13/2024/NIA/DLI میں اس کے مجرمانہ کردار کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اسے این آئی اے کی خصوصی عدالت، پٹیالہ ہائوس، نئی دہلی میں پیش کیا جائے گا۔اس کے علاوہ کئی دیگر مشتبہ افراد کو بھی پوچھ گچھ کے لیے پکڑا گیا ہے۔ تلاشی کے دوران این آئی اے کی ٹیموں نے کئی مجرمانہ دستاویزات، الیکٹرانک آلات، پمفلٹ اور میگزین ضبط کیے۔ ان مشتبہ افراد کے خلاف مزید لیڈز اور شواہد کے لیے ان کی جانچ کی جا رہی ہے جن کے احاطوں کی تلاشی لی گئی۔ یہ مشتبہ افراد ہندوستان بھر میں پرتشدد دہشت گردانہ حملوں کے ارتکاب کے لیے نوجوانوں کو ترغیب دینے میں ملوث تھے، این آئی اے کی تحقیقات نے انکشاف کیا ہے۔این آئی اے کی جانب سے جموں کشمیر میں بارہمولہ ، پلوامہ اور رام بن میں چھاپے ڈالے گئے۔