این آئی اے کی کارروائیاں جاری

سرینگر//قومی تحقیقاتی ایجنسی نے منی لانڈرنگ کے سلسلے میں وادی کے مختلف مقامات پر تاجروں سے پوچھ تاچھ اور اُن کی رہائش گاہوں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ جمعہ کی صبح 10بجے این آئی اے کی ایک ٹیم نے کرانکشون کالونی سوپور میں ثناء اللہ بٹ کے مکان کی تلاشی لی تاہم کوئی قابل اعتراض چیز برآمد نہیں کی۔ اس سے قبل جمعرات کو این آئی اے نے میر صاحب اولڈ ٹائون بارہمولہ میں تاجر گوہر احمد بٹ ولد محمد اکبر کے مکان کی بھی تلاشی لی تھی اور کئی گھنٹوں تک یہ سلسلہ جاری رکھا۔ اسی ہفتے این آئی اے نے یچھ گوز کیلر پلوامہ کے علاوہ راجباغ، بڈگام اور بیروہ میں بھی کئی سرکردہ تاجروں کے مکانوں کی تلاشی لی۔ اس کے علاوہ ایک تمباکو فروش اور عارضی لیکچرر کے گھروں کی بھی تلاشی لی گئی۔