سرینگر // مزاحمتی لیڈر شپ کی مبینہ طور پر حوالہ کے ذریعے رقوم لیکر وادی میں شورش کو ہوا دینے کی تحقیقات کے سلسلے میں این آئی اے کی ٹیم ایک بار پھر وادی پہنچ گئی ہے۔ایک نیوز چینل کے ذریعے سٹنگ آپریشن کے بعد قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے) نے گذشتہ ماہ کے آخیر میں سرینگر میں چار روز تک قیام کے دوران نعیم احمد خان، بٹہ کراٹے اور غازی جاوید سے 4روز تک پوچھ تاچھ کی تھی ۔ پوچھ تاچھ کا یہ عمل مکمل ہونے کے بعد ٹیم نئی دلی روانہ ہوئی جہاں سے تینوں کو دلی طلب کرنے کی نوٹس جاری کی گئی اور نئی دلی میں بھی چاروں سے پوچھ تاچھ کی گئی۔اب تحقیقاتی ٹیم ایک بار پھر سرینگر پہنچ گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم یہاں پر بنک حکام اور ریاستی سراغ رساں ایجنسی کے ساتھ کچھ معاملات کے بارے میں جانکاری حاصل کرنا چاہتی ہے۔تین نفری ٹیم کی سربراہی ایک اعلیٰ آفیسر کررہے ہیں۔غالب امکان ہے کہ جن تین لیڈروں سے پہلے پوچھ تاچھ کی جاچکی ہے ان سے مزید تفتیش ہوگی۔