سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے بات کا بتنگڑ بناکر حریت لیڈروں اور بعض نامور کاروباری شخصیات کے یہاں این آئی اے کی چھاپہ ماری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دلی کشمیر کے ہر ہر طبقے کو بدنام اور ذلیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔کل ہندوارہ مےں مختلف وفود سے تبادلہ خےال کر تے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ حریت لیڈروں اور نامور کاروباریوں کے یہاں چھاپہ ماری کرکے دراصل نئی دلی ایک طرف ایک خوف قائم کرنے کی کوشش کررہی ہے اور دوسری جانب کشمیر کے علیٰحدگی پسند قائدین کے ساتھ ساتھ یہاں کے نامور کاروباری اشخاص کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اگر بھارتی اداروں کو تحقیقاتیں کرانے کا اتنا ہی شوق ہے تو پھر انہیں پہلے قتل عام ،عصت دری،آگ زنی،جبری بیگار،ہیومن شیلڈ،چند مےن سٹرےم سےاستدانوں ،بےروکرےٹوں اور پولےس افسروں کی طرف سے غلط دولت سے بنائی گئی بے پناہ جاےداد اور اس طرح کے بے شمار واقعات کی تحقیقات مکمل کرنی چاہیئے کہ جنکے رونما ہوتے وقت عوامی غصے کو ٹھنڈا کرنے کے لئے مختلف سرکاریں نام نہاد تحقیقات کا اعلان کرتی رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور کشمیر بھارت کے ہاتھوں سے جاتا دکھائی دینے لگا ہے لیکن نئی دلی کوئی ٹھوس اقدام کرنے کی بجائے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر ایسے بچگانہ اقدامات کرتی پھر رہی ہے کہ جس سے خود اسکا مذاق بنتا جارہا ہے۔انجینئر رشید نے مزید کہا کہ نئی دلی حریت کو کمزور کرنے یا اسکے قائدین کو بدنام کرنے کی لاکھ کوشش کرے اسے کچھ حاصل نہیں ہو سکتا ہے کیونکہ یہاں جاری حق خود ارادیت کی تحریک کسی لیڈر کی وجہ سے جاری نہیں ہے بلکہ خود سبھی لیڈر اس عوامی تحریک کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک اتنی معتبر اور مقبول ہے کہ اس سے وابستہ کسی بھی لیڈر یا پارٹی کو بدنام کرنے کی کتنی بھی کوشش کی جائے خود تحریک کو کمزور نہیں کیا جاسکتا ہے اور مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک بھارت کو ان سبھی مسائل سے دوچار رہنا ہی پڑے گا کہ جن کی وجہ سے اسے ابھی بوکھلاہٹ آئی ہوئی ہے۔