ایم ڈی این ایچ آئی ڈی سی ایل کا جموں و کشمیر کا 3 روزہ دورہ

جاری پروجیکٹوں کا جائزہ لیا،مقررہ مدت میں تکمیل کی یقین دہائی 
جموں//نیشنل ہائی ویز اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ ( این ایچ آئی ڈی سی ایل ) کے نئے تعینات ہونے والے منیجنگ ڈائریکٹر چنچل کمار نے جموں و کشمیر کا تین روزہ دورہ کیا ۔ اپنے دورے کے دوران ایم ڈی نے لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور انہیں جموں و کشمیر میں این ایچ آئی ڈی سی ایل کی طرف سے شروع کئے جانے والے مختلف جاری منصوبوں اور آنے والے منصوبوں کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ این ایچ آئی ڈی سی ایل بنیادی طور پر این ایچ 244 ( جموں اور سرینگر کے درمیان متبادل کنیکٹوٹی ) کی اپ گریڈیشن اور جموں اکھنور روڈ کو 4 لین کرنے میں شامل ہے ۔ جموں خطہ میں 12 پروجیکٹ ہیں جن کی لاگت تقریباً 5200 کروڑ روپے ہے جبکہ کشمیر خطہ میں 10300 روپے کی لاگت کے 5 جاری پروجیکٹ ہیں ۔ اس کے علاوہ جموں اکھنور ( پیکج 1 ) ، جموں اکھنور ( پیکج 3بی  ) ، سدھ مہا دیو ڈرنگا ٹنل اور سنگھ پورہ ۔ وائلو ٹنل ( سنتھن پاس کے نیچے ) سمیت جموں و کشمیر میں اسٹریٹجک آنے والے پروجیکٹ جلد ہی این ایچ آئی ڈی سی ایل کی طرف سے شروع کئے جانے کا امکان ہے ۔ ایم ڈی نے این ایچ آئی ڈی سی ایل کی طرف سے تعمیر کی جا رہی چنینی ۔ سدھ مہا دیو سڑک کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے این ایچ 244 پر دیکھ بھال کے کام ، 1.57 کلو میٹر لمبی کھیلانی ٹنل کی تعمیر اور این ایچ 244 کی کھلانی سے ٹھٹری چوک تک کی تعمیر کا بھی معائینہ کیا ۔ سائٹ کے دورے کے دوران ایم ڈی کے ساتھ ریتن کمار سنگھ ایگزیکٹو ڈائریکٹر این ایچ آئی ڈی سی ایل جموں اور دیگر سینئر افسران بشمول این ایچ آئی ڈی سی ایل کے متعلقہ جنرل منیجر بھی تھے ۔ بعد ازاں ایم ڈی نے چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار منہاس سے ایک میٹنگ کے دوران ملاقات کی اور انہیں جموں و کشمیر میں این ایچ آئی ڈی سی ایل کے جاری اور آنے والے مختلف منصوبوں سے آگاہ کیا ۔ ایم ڈی نے سی ایس کے ساتھ یو ٹی میں جاری منصوبوں کی عمل آوری میں رکاوٹ بننے والے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ چیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے این ایچ آئی ڈی سی ایل کو ان رکاوٹوں کو دور کرنے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا تا کہ یو ٹی میں تمام اہم ترقیاتی پروجیکٹوں کی جلد اور بروقت تکمیل ہو سکے ۔