ایم ایل اے ہوسٹل میں قید نعیم اختر بیہوش

سرینگر//پی ڈی پی لیڈر اور سابق وزیر نعیم اختر کی دوران حراست علالت کے بعد انہیں علاج و معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایم ایل اے ہوسٹل میں نظربندنعیم اختر بدھ اور جمعرات کی شب بیہوش ہوگئے اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ نعیم اختر کو خیبر اسپتال کے انتہائی نگہداشت والے کمرے میں رکھا گیا تاہم اس کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔ محبوس نعیم اختر کی بیٹی شہریار خانم نے ٹویٹر پر اس کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے والد دوران شب علیل ہو گئے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ پولیس نے انہیں والد کے علیل ہونے کی اطلاع نہیں دی اور انہیںجمعرات کی صبح نعیم اختر کے ساتھ نظر بند دوسرے قیدیوں سے اس بات کی خبر ملی انکے والد علیل ہو گئے ہیں اور ان کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ نعیم اختر پی ڈی پی کے ان3لیڈراں میں شامل ہیں جنہیں21دسمبر کو ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے نتائج سے قبل گرفتار کیا گیا تھا۔