سرینگر//ممبر اسمبلی کولگام محمد یوسف تاریگامی نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی ۔انہوں نے ریاست میں امن و قانون کی سورتحال ، تعلیمی اور ترقیاتی منظر نامے کے علاوہ اپنے حلقے سے جُڑے کئی معاملات پر گورنر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ گورنر نے زمینی سطح پر جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے اور شہروں اور قصبوں کی مجموعی تعمیر و ترقی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے تاریگامی کو عوامی بہبود کیلئے اپنا کام کاج جاری رکھنے کے علاوہ نوجوانوں کو کھیل کود اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں میں اپنے ہنروں کا مظاہرہ فراہم کرنے کیلئے مواقعے دستیاب کرانے پر زور دیا ۔ اس دوران سپیشل ڈی جی پولیس ہیڈ کوارٹر نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی ۔ انہوں نے ریاستی پولیس تنظیم کے اہم انتظامی امور ، پولیس کی جدید کاری کیلئے شروع کئے گئے پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل ، پولیس اہلکاروں کی صلاحیتوں کو بہتر کرنے اور انہیں بہتر بنیادی خدمات فراہم کرنے جیسے معاملات پر گورنر سے تبادلہ خیال کیا ۔ گورنر نے پولیس محکمے میں تمام سطحوں پر کام کاج میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے سمیت پولیس اہلکاروں کے افرادِ خانہ خاص کر اُن کنبوں جن کے افرادِ خانہ پولیس تنظیم میں اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کرتے ہیں ، کی بہبود کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا ۔
ایم ایل اے کولگام اور سپیشل ڈی جی گورنر سے ملے
