ایمز دہلی کے ساتھ کریٹیکل کئیر اینڈ آئی سی یو تربیت کیلئے معاہدہ

جموں //ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ( ایچ اینڈ ایم ای ) وویک بھردواج اور ڈائریکٹر ایمس پروفیسر رندیپ گلیریا نے ایک ورچول پروگرام میں یو ٹی کے ڈاکٹروں کیلئے کووڈ سے متعلق اہم دیکھ بھال اور آئی سی یوکے تربیتی پروگرام کا آغاز کیا ۔یہ ٹریننگ ای سی آر پی ۔ II کے تحت آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسز ( اے آئی آئی ایم ایس ) دہلی کے ماہرین کے ذریعہ کی جا رہی ہے ۔ جموں و کشمیر کے 20 اضلاع سے 40 ڈاکٹروں کا ایک گروپ تربیتی پروگرام میں حصہ لے رہا ہے ۔اس تربیتی پروگرام کیلئے آگے آنے کیلئے ایمس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وویک بھردواج نے کہا ’’ بڑھتے ہوئے ماحولیاتی نظام میں یہ تربیتی پروگرام مرکز کے زیر انتظام علاقے میں صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی کے نظام پر کئی گنا اثر ڈالے گا ۔ ایک طرف یہ تربیت ہمارے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کی نازک معاملات خاص طور پر کووڈ سے متعلق معاملات کو سنبھالنے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گی اس کے علاوہ وہ دور دراز مقامات پر تعینات ڈاکٹروں کو مزید تربیت دینے کیلئے بھی بہتر طریقے سے لیس ہوں گے ۔ اس موقع پر تبصرہ کرتے ہوئے اے آئی ایم ایم ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر رندیپ گلیریا نے دور دراز علاقوں کیلئے اچھے معیار کی اہم دیکھ بھال کی فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے ٹیلی مشاورت کے دائرہ کار پر زور دیا ۔ پروگرام کی نظامت مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم یاسین ایم چودھری نے کی ۔ 6 روزہ انٹر ایکٹو ٹریننگ پروگرام کو ایمس نئی دہلی کے 6 ٹرینرز کے ذریعہ سہولت فراہم کی جائے گی ۔