ایمز جموںپہلے مرحلے میں 750بستروں، 193 آئی سی یو بستروں، 20او ٹیز سے لیس دوسرے مرحلے میں بستروں کی تعداد 1500 تک بڑھائی جائے گی، ایمز جموں خطے میں ریفرل سنٹر بنے گا

 سمت بھارگو

راجوری//منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ افتتاح کئے گئےآل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) جموں میں یکم مارچ سے آؤٹ ڈور مریض (او پی ڈی) اور تشخیصی خدمات کا آغاز کیا جائے گا۔ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) جموں اپنے پہلے مرحلے میں 750 بستروں سے لیس ہے۔ پہلے مرحلے میں193 بستروں پر مشتمل انتہائی نگہداشت یونٹ (ICU) بستر ہیں۔انسٹی ٹیوٹ میں20 آپریشن تھیٹرز ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں بستروں کی تعدادپندرہ سو تک پہنچ جائے گی۔ایمز جموں کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شکتی گپتا نے بتایا کہ ادارہ اس وقت اپنے پہلے مرحلے میں ہے جس میں کل 750 بستر ہیں جن میں سے 193 آئی سی یو بیڈ ہیں جبکہ 20 آپریشن تھیٹر (او ٹی) بنائے گئے ہیں جن میں جدید ترین آلات شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں بستروں کی گنجائش بڑھ کر 1500 ہو جائے گی اور آئی سی یو کے لیے وقف بستروں کے ساتھ ساتھ او ٹی کی تعداد بھی بڑھے گی۔ایمز جموں کے قیام سے نہ صرف لوگوں کو جدید ترین صحت کی خدمات میسر آئیں گی بلکہ جی ایم سی جموں جیسے دوسرے تیسرے درجے کے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہو جائے گا اور ان ہسپتالوں میں ڈاکٹر مریضوں کو معیاری وقت دے سکیں گے۔ شکتی گپتا نے مزید کہا کہ ایمز جموں خطے کا اہم ریفرل ہسپتال ہوگا۔ڈائریکٹر ایمز جموں، ڈاکٹر (پروفیسر) شکتی گپتا نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ فوج سمیت سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خصوصی خدمات بھی فراہم کرے گا اور ایک وقف شدہ ہیلی پیڈ انسٹی ٹیوٹ میں زخمی اہلکاروں کی بروقت آمد میں مدد کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ایمز جموں 227ایکڑ اراضی پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں ایک وقف اور ذاتی ہیلی پیڈ ہے جس کا مقصد نازک مریضوں کو منتقل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دھماکوں، بارودی سرنگوں کے دھماکوں جیسے واقعات میں فوج سمیت سیکورٹی فورسز کے بہت سے اہلکار زخمی ہوتے ہیں اور ان اہلکاروں کو پہلے خصوصی علاج کے لیے ایمز دہلی جیسے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیا جاتا ہے جو اب ایمزجموں میں فراہم کیا جائے گا اور وقف شدہ ہیلی پیڈ انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایمز جموں نہ صرف جموں و کشمیر کے مریضوں کو بلکہ لداخ، ہماچل پردیش اور پنجاب کے لوگوں کو بھی طبی خدمات فراہم کرے گا کیونکہ جموں کا تمام علاقوں کے ساتھ اچھا رابطہ ہے اور لوگ یہاں آسانی سے پہنچ سکتے ہیں۔ایمز جموں کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شکتی گپتا نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ میں ایمرجنسی اور ٹراما سروسز دونوں اچھی طرح سے تیار اور ترقی یافتہ ہیں جس میں چالیس بستروں کا وارڈ مکمل طور پر ایمرجنسی مریضوں سے نمٹنے کے لیے وقف ہے۔ڈاکٹر گپتا نے یہ بھی بتایا کہ کچھ حصوں پر کام مکمل ہونے کے قریب ہے اور انسٹی ٹیوٹ اگلے چھ مہینوں میں مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔

227 ایکڑ پر پھیلے ایمز جموں میں کل پچاس شعبے ہیں جن میں بیس سپر اسپیشلٹی ڈپارٹمنٹس شامل ہیں جن میں میڈیکل اسٹڈیز میں پوسٹ گریجویٹ پروگرام اس سال جولائی میں شروع ہونے والے ہیں اور ساتھ ہی میڈیکل اسٹڈیز جیسے ایم ڈی، ایم ایس کے خصوصی اعلیٰ تعلیمی کورسز بھی شروع کیے جائیں گے۔