ایل ڈی گلی ۔کھریا سڑک مسلسل 24دنوں سے بند

کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کی ایل ڈی گلی تا کھریا رابطہ سڑک گزشتہ 24روز سے مسلسل بند ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو راشن و دیگر بنیادی سہولیات کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقہ میں ہوئی شدید برفباری کے بعد سے متعلقہ حکام کی جانب سے ابھی تک سڑک سے برف ہی نہیں ہٹائی جاسکی جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو اس وقت بنیادی سہولیات کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔غور طلب ہے کہ رابطہ سڑک کے بند ہونے کی وجہ سے پنچایت حلقہ کنتھول ،اپر مڑہوتہ ،بے نمبل تینوں پنچایتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے ۔محمد فرید ملک نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ اس وقت علاقہ میں لوگ راشن و دیگر بنیادی سہولیات کی شدید قلت کا سامنا کررہے ہیں لیکن مقامی و ضلع انتظامیہ کی جانب سے رابطہ سڑک کو بحال کرنے میں کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں راشن کی منتقلی کیلئے ٹرک بھی درماندہ ہو گئے ہیں جبکہ انتظامیہ سے پریشان ہو کر لوگوں نے خود ہی اپنی مدد آپ کے تحت رابطہ برف ہٹانے کا عمل شروع کر دیا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ عوام کو اس مشکل وقت میں بنیادی سہولیات میسر ہو سکیں ۔