ایل جی کے پرنسپل سیکرٹری کی انتظامی سیکریٹریوں سے میٹنگ

جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمارنے حکومت کی جانب سے اِنتظامی نظام اور ڈیجیٹائزیشن میں تبدیلی لانے کے لئے جاری نقشِ راہ کے تحت کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اِنتظامی سیکرٹریوں اور مختلف محکموں کے نمائندگان کی ایک میٹنگ طلب کی۔میٹنگ گزشتہ ہفتہ پرنسپل سیکرٹری کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں جاری کئے گئے احکامات پر عمل درآمد کے سلسلے میں منعقد کی گئی۔دوران میٹنگ پرنسپل سیکرٹری نے پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا ( ( پی ایم ۔ جے اے وائی )کے تحت جاری اندراجات کا جائزہ لیا ۔انہیں بتایا گیا کہ تمام ممکنہ مستحقین اگلے چند ماہ کے اندر درج کئے جائیں گے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے یوٹی میں طبی سہولیات کو باقاعدہ بنانے کے لئے اَدویات اور طبی عملے کے لئے ایک مرکزی آن لائن اِنتظامی نظام کے قیام کی تجویز پیش کی ۔ اُنہوںنے تعلیمی شعبے میں امسال ماہ مارچ تک ڈیجیٹل مراعات پر کام کرنے پر بھی زور دیا۔محکمہ بجلی کے کاموں کی پیش رفت پر غور خوض کے دوران اُنہوں نے کہا کہ یوٹی انتظامیہ اس شعبے میں مرکزی سکیموں پر جاری کام کی نگرانی کر رہا ہے ۔ محکمہ صنعت و حرفت کے حکام کو جموں میں آئی ٹی اور لاجسٹک پارکوں کے لئے اراضی کی نشاندہی میں سرعت لانے کی ہدایت دی گئی ۔محکمہ سماجی بہبود کے نمائندگان کو مصنوعی اعضا ء کیمپوں کا یونین ٹریٹری کے ہر ضلع میں انعقاد کرنے کی ہدایت دی گئی ۔دیگر محکموں بشمول داخلہ ، باغبانی ، تعمیرات عامہ ، پشو و بھیڑ پالن ، محنت ، مال ، امداد باہمی ، سکل ڈیولپمنٹ اور مکانات کے تحت جاری کاموں کی پیش رفت سے متعلق تفاصیل دوران میٹنگ پیش کی گئی ۔ میٹنگ کے دوسرے اجلاس میں ڈپٹی کمشنروں نے اپنے متعلقہ اضلاع میں ڈیجیٹائزیشن سے متعلق تفاصیل پیش کیں ۔ پروجیکٹوں کا مقصد اِی۔ آفس ، ہنگامی خدمات ، محکمہ مال کی مختلف خدمات ،بازاروں تک اِی رابطہ اور شکایات آن لائن درج سہولیات فراہم کرنا ہے۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ اس نوعیت کی اِی۔ خدمات سے عوام کی پیش کی گئی درخواستوں پر جاری نگرانی کرسکتے ہیں ۔انہوں نے ضلع اودھمپور کے سکون ایپ کو سراہا جس کے تحت آفاتِ سماوی سے نمٹنے کے تحت امداد کی فراہمی میں سرعت لانا یقینی بن سکا۔