ایل جی کی رائے دہندگان کو مبارکباد

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹروں کو ریکارڈ ٹرن آؤٹ کیلئے مبارکباد پیش کی ہے ۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ایل جی نے کہا کہ پر جوش شرکت ہندوستانی جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اقدار پر لوگوں کے اعتماد کا ثبوت ہے ۔انہوں نے ایکس پر پوسٹ کیا ’’ ایک تاریخی ووٹر ٹرن آؤٹ کیلئے جموں کشمیر کو مبارک ہو ۔ میں تمام ووٹروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے پہلے مرحلے میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ۔ پُر امن ، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات میں ریکارڈ پولنگ ہندوستانی جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اقدار پر لوگوں کے اعتماد کی تصدیق کرتی ہے ۔ میں اپنے تمام بھائی ، بہنوں اور پہلی بار ووٹ دینے والوں کو جمہوریت کا تہوار منانے کیلئے بڑی تعداد میں شرکت کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں ۔ سیکورٹی فورسز ،پولیس اور انتخابی عہدیداروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں‘‘ ۔ پہلے مرحلے میں تقریباً 59 فیصد پولنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ جموں و کشمیر میں جمہوریت پھل پھول رہی ہے ۔ ڈوڈہ ، کشتواڑ ، رام بن ، پلوامہ ، شوپیاں ، کولگام اور اننت ناگ میں ووٹروں کی لمبی قطاروں نے مخالفین کے پروپیگنڈے کو منہدم کر دیا ۔ لوگوں نے تقسیم کرنے والے عناصر کے ایجنڈے کو بھی مسترد کر دیا ہے اور جمہوریت پر اپنے اعتماد کا اعادہ کیا ۔