ایل او سی پر گولہ باری: پاکستانی فوجی سمیت 3 جاں بحق

 مظفر آباد //بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار اور خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق  جبکہ 3فوجیوں سمیت5افراد زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے راولا کوٹ اور راکھ چِکری کے مقام پر شہری آبادی کو بھاری ہتھیاروں اور مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا۔بھارتی فورسز کی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 مقامی شہری جاں بحق جبکہ 2 شہری زخمی ہوئے۔بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز نے پاک فوج کی پیٹرولنگ ٹیم پر بھی فائرنگ کی، جس سے نائب صوبیدار ندیم جاں بحق جبکہ 3 فوجی اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔پیٹرولنگ ٹیم راولا کوٹ سیکٹر میں متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو کاموں میں مصروف تھی۔ان کا کہنا تھا کہ 'یہ گاؤں ایل او سی کے آخری مقام پر واقع ہے۔‘ دھماکے کے نتیجے میں 16 سالہ زاہد حسین اور 26 سالہ روبینہ موقع پر ہی جاں بحق ہوئے، جبکہ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت اکثیر ولد حاکم دین کے نام سے ہوئی۔قبل ازاں دن کے اوقات میں پونچھ کے علاقے میں بھارتی شلنگ کے نتیجے میں 25 سالہ شخص زخمی ہوگیا۔ محمد ارشد جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے بعد گاؤں پولاس کاکوٹا میں اپنی دکان کے باہر کھڑے تھے کہ ایک مارٹر نے انھیں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ان کے پیٹ اور بازووں میں زخم آگئے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی شلنگ کے نتیجے میں مسجد کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔