ایس ایم سی کی انہدامی کارروائی کے خلاف ہری سنگھ ہائی سٹریٹ میں ہڑتال

سری نگر// سری نگر میونسپل کارپوریشن کی طرف سے گذشتہ شام دیر گئے چلائی جانے والی انہدامی کارروائی کے خلاف سری نگر کے ہری سنگھ ہائی سٹریٹ علاقے میں جمعے کے روز تمام دکان مقفل رہے۔
دکان داروں کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کی طرف سے یہ انہدامی کارروائی انہیں اطلاع دئے بغیر ہی رات کے اندھیرے میں انجام دی گئی جس سے ان کو نقصان پہنچا ہے۔
ہری سنگھ ہائی سٹریٹ ٹریڈرس ایسو سی ایشن کے چیئرمین نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ میونسپلٹی والوں نے کسی کو بتائے بغیر ہی رات کو آکر ہمارے دکانوں کے تھڑے توڑ دئے۔
انہوں نے کہا: ’حکام کو پہلے ہمیں بتا دینا چاہئے تھا اور ہمیں ایک دو دن کا وقت بھی دینا چاہئے تھا تاکہ ہمارا نقصان نہیں ہوتا‘۔
ان کا کہنا تھا: ’ہم معزز شہری ہیں کاروبار کرتے ہیں کوئی غیر قانونی کام نہیں کرتے ہیں اور ہم تمام طرح کے ٹیکس ادا کرتے ہیں ہمارے ساتھ زیاتی ہوئی ہے‘۔
موصوف چیئرمین نے کہا کہ ہمارا ایک وفد اس ضمن میں صوبائی کمشنر سے ملنے گئے بھی گیا ہے۔
کشمیر ٹریڈرس اینڈ منی فیکچررس فیڈریشن کے صدر محمد یاسین خان نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ جس ادارے نے بھی یہ انہدامی کارروائی انجام دی ہے انہیں پہلے ہمیں مطلع کرنا چاہئے تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ٹیکس دہندگان ہیں لہذا ہمارے ساتھ اس مسئلے کے متعلق پہلے بات کی جانی چاہئے تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ان کے پاس یہ بات جاننے کے لئے جائیں گے کہ آخر رات کے اندھیرے میں وہ ایسا کرنے پر کیوں مجبور ہوگئے۔
ایک دکان دار نے کہا کہ اگر یہ غیر قانونی تھا تو اس کو بنانے ہی کیوں دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ متعقلہ حکام کو پہلے اس سلسلے میں نوٹس جاری کرنی چائے تھی اگر ہم خود نہیں اٹھاتے تو پھر خود آکر ایسا کرنا تھا۔