سرینگر//سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر، غضنفر علی نے پیر کو شہر کے سیول لائینز علاقوں، بشمول لالچوک ، پولو ویو،مولانا آزاد روڑ، ریگل چوک کا دورہ کرکے ڈرینیج نظام اور دوسرے کاموں کا جائزہ لیا۔اُن کے ہمراہ کارپوریٹر وجاہت حسین،جوئنٹ کمشنر ورکس، جوئنٹ کمشنر پلاننگ،ایس ای ڈرینیج اور دیگر افسران بھی تھے۔علاقے میں ڈرینیج نظام کا جائزہ لیتے ہوئے میونسپل کمشنر نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ ڈرینوں کی صفائی کو یقینی بنائیں تاکہ ناصاف پانی کی نکاسی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔لالچوک میں پانی کی نکاسی کے جاری کام کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر نے میکانیکل ڈویژن ڈرینیج سے کہا کہ وہ کام میں سرعت لاکر اس کومقررہ وقت کے اندر مکمل کرے۔دورے کے دوران ہوٹل اور ریستورانٹ مالکان سے بات چیت کرتے ہوئے غضنفر علی نے اُنہیں بتایا کہ وہ اپنے یونٹوں کے ڈرینیج کے اندر جدید سائنسی طریقے اپنائیں۔انہوں نے علاقے کی صفائی کے کام کا بھی جائزہ لیا۔