ایس ایس پی ڈوڈہ کی صدارت میں مرمت میں عوامی میٹنگ منعقد

ڈوڈہ //پولیس و عوام کے درمیان بہتر تال میل بنائے رکھنے کے لئے ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم نے ڈی ایس پی ہیڈکواٹر جسونت سنگھ کے ہمراہ مرمت کا دورہ کر کے عوامی مسائل کا جائزہ لیا. میٹنگ میں پنچائتی اراکین و علاقہ کے معززین نے شرکت کی۔اس موقع پر بولتے ہوئے شرکاء نے عوام الناس کے مسائل اور شکایات سننے کے لیے دور دراز کے علاقوں میں اس طرح کے پبلک آؤٹ ریچ پروگراموں کے انعقاد کے ذریعے پولیس کے کردار اور کوششوں کو سراہتے ہوئے تجویز پیش کی کہ اس طرح کے آؤٹ ریچ پروگرام دور دراز علاقوں میں زیادہ سے زیادہ منعقد کیے جائیں۔شرکاء نے علاقے کے بہت سے مطالبات اور مسائل کو اجاگر کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے حل کے لئے ان کے مطالبات اور مسائل متعلقہ فورم پر اٹھائے جائیں گے۔ایس ایس پی ڈوڈہ نے اس موقع پر بولتے ہوئے شرکاء پر زور دیا کہ وہ بھائی چارہ برقرار رکھیں اور منشیات کی اسمگلنگ، شراب کی غیر قانونی تیاری، فروخت، مال مویشی کی اسمگلنگ اور دیگر سماجی جرائم کے خاتمے میں پولیس کے ساتھ تعاون فراہم کریں تاکہ پرامن جرائم سے پاک ماحول قائم ہو سکے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ وہ کسی بری عادت کا شکار نہ ہو جائیں جس سے ان کا مستقبل خراب ہو۔ اس موقع پر آئی سی پی پی گوہا مرمت بھی موجود تھے۔