ایس ایس اے اساتذہ کے مطالبات 8اگست تک حل کرنے کا انتباہ

 سرینگر // ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ اگر سرکار ایس ایس اے اور رمسا اساتذہ کے جائز مطالبات کو پورا نہیں کر ے گی تو 9اگست کو شیر کشمیر پارک سرینگر سے سیول سکریٹریٹ تک پرامن مارچ کیا جائے گا ۔اس سلسلے میں ایمپلائز جوانٹ ایکشن کمیٹی کی ایک میٹنگ زیر صدار ت ایجیک صدر عبدالقوام وانی منعقد ہوئی جس میں ایس ایس اے اور رمسا کے تحت تعینات اساتذہ کو ساتویں تنخواہ کمیشن کی ادائیگی اور اُن کی تنخوائوں کی بروقت واگذاری کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ایجیک نے حکومت کے اساتذہ کے تئیں رویہ کو غیر منطقی اور ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بارہا ان معاملات کو حل کرنے کی یقین دہانیاں کرائیں مگر عملی سطح پر کوئی اقدامات نہیں لئے جا رہے ہیں ۔ایجیک صدر قیوم وانی نے کہا کہ اساتذہ برادری اپنے مسائل حل ہونے تک پرامن طور پر جدوجہد جاری رکھے گی ۔انہوںنے کہا کہ حکومت نے اُن کے مطالبات کو پورا نہ کر کے انہیں سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر 8اگست تک مطالبات پورے نہ ہوئے تو 9اگست کو شیر کشمیر پارک سے سیول سکریٹرٹ کی طرف پرامن مارچ کیا جائے گا اور ریاستی گورنر کو ایک یاداشت بھی پیش کی جائے گی ۔قیوم وانی نے اساتذہ تنظیموں پر زور دیا کہ وہ اس احتجاج کو کامیاب بنائیں ۔انہوں نے ریاستی گورنر این این وہرا اور اُن کے مشیروں پر زور دیا کہ وہ اساتذہ کے جائز مطالبات پورے کرنے کیلئے مداخلت کریں اور انہیں 7تنخواہ کمیشن کا فائدہ دینے کے ساتھ ساتھ تنخواہیں غیر منسلک کی جائیں ۔میٹنگ میں ایجیک کے دیگر تمام عہدیدار ن بھی موجود تھے ۔