ایس ایس ایم کالج میں عنقریب ایم ٹیک کورسز شروع کئے جائیں گے: الطاف بخاری

 سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کل اعلان کیا کہ ایس ایس ایم کالج آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پریہاسپورہ پٹن میں عنقریب ایم ٹیک ڈگری کورسز شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں با ضابطہ احکامات عنقریب کالج کی انتظامیہ کو سونپے جائیں گے۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے کل اس کالج کے کنوکیشن ڈے کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے طالب علموں کو سماج کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔اس موقعہ پر اعلیٰ تعلیم کے کمشنر سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون ، جو کہ تقریب کے مہمان اعزازی تھے، نے سید محمد الطاف بخاری کو ایک متحرک وزیر قرار دیتے ہوئے اُن کی انتظامی صلاحیتوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ وزیر موصوف کی قیادت میں محکمہ نے وزیر اعظم سپیشل سکال شِپ سکیم کو بلندیوں تک پہنچایا ہے اور اس برس ریاست کے تقریباً25 ہزار طالب علم وظیفہ حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومہ حاصل کرنے والے خواہش مند طالب علموں کے لئے اس سکیم میں آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔تقریب پر چیف انفارمیشن کمشنر خورشید احمد گنائی نے کہا کہ طالب علموں کو آئی اے ایس اور دیگر سول سروس امتحانات میں بھی شامل ہونا چاہئے۔بعد میں سید محمد الطاف بخاری نے تقریباً800 طالب علموں میں ڈگریوں کی اسناد تقسیم کیں۔اس موقعہ پر اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر مشتاق احمد صدیقی، کلسٹر یونیورسٹی سرینگر کے وائس چانسلر پروفیسر شیخ جاوید احمد، ڈائریکٹر کالجز جی ایم تبت بقال،پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین محمد شفیع پنڈت اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسروں کے علاوہ ایس ایس ایم کالج کے سنیئر ممبران بھی موجود تھے۔