ایس آر او 202سے نوجوان ملی ٹینسی اور رشوت خوری کی طرف متوجہ :یوتھ این سی

اکھنور //یوتھ نیشنل کا نفرنس نے کہا ہے کہ ریاستی انتظامیہ کی جانب سے اپنائی گئی نئی بھرتی پالیسی ریاست کے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کیساتھ ایک بڑی ناانصافی ہے جبکہ نوجوان ایس آر او 202کو لا گو کئے جانے کی وجہ سے مایوس ہو کر ملی ٹینسی اور رشوت خوری کی جانب متوجہ ہو گئے ہیں ۔یہا ں جاری ایک پریس بیان میں یوتھ نیشنل کا نفرنس کے صوبائی سیکریٹری سہیل سنگھ جموال نے کہا کہ ریاستی انتظامیہ کی جانب سے 2015میں ایس آر او 202لا گو کر دیا گیا تھا جوکہ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری حکم نامے کی کھلے عام خلاف ورزی ہے ۔موصوف نے کہاکہ مذکورہ پالیسی کے تحت مختلف محکموں میں تعینات کئے جانے والے ملازمین کو کئی سہولیات سے محروم رکھا جا تا ہے جس کی وجہ سے ان کو روز مرہ کی زندگی میں متعدد مسائل کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔یوتھ نیشنل کا نفرنس کارکنوں نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس معاملہ میں ذاتی مداخلت کر کے مذکورہ ایس آر او کو واپس لے کرنوجوانوں کو روز گار کے سلسلہ میں سہولیات فراہم کریں ۔