.ایس آر ٹی سی ڈرائیوروں کا پریس کالونی میں مظاہرہ

سرینگر//ایس آر ٹی سی ڈرائیوروں اور ورکروں نے منگل کو پریس کالونی میں احتجاجی مظاہرے کئے اور قصبہ سوپورمیں قائم سٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس آر ٹی سی ) بس اڈہ کو مبینہ طور پر بند کئے جانے کو ان کے روزگار کو متاثرکرنے کا عمل قرار دیا ۔مظاہرین کا کہناتھا کہ حال ہی میں سوپور میں قائم ایس آر ٹی سی یارڈ (بس اسٹینڈ ) کی اراضی کو چھاپڑی فروشوں کو منتقل کی گئی ۔ان کا کہناتھا کہ اس اقدام سے بقول اُنکے ڈرائیوروں اور دیگر ورکروں کا روزگار متاثر ہورہا ہے ۔مظاہرین نے نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی فیصلہ سے ایس آر ٹی سی ملازمین کا روزگار متاثر ہورہا ہے جبکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوںنے الزام عائد کیا کہ پولیس نے اُنکی گاڑیاں اپنی تحویل میں لی ہیں ۔انہوں نے سوپور ایس آر ٹی سی بس اسٹینڈ کو دوبارہ فوری طور پر کھولنے کیلئے گور نر این این ووہرا سے مداخلت کی اپیل کی ۔(کے این این)