نیوز ڈیسک
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں جے اینڈ کے روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( جے کے آر ٹی سی ) کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ ہردیش کمار ، ٹرانسپورٹ کمشنر جے اینڈ کے بھوپندر کمار ، ایم ڈی جے اینڈ کے آر ٹی سی راکیشن کمار سرنگل ، ڈائریکٹر موٹر گیراج جموں وکشمیر طاہر غنی ، ٹرانسپورٹ کے سینئر اَفسران اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کہا کہ کارپوریشن میں نئے بیڑے کی شمولیت سے اَب ریو نیو جنریشن کے بہت زیادہ اِمکانات ہیں ۔ اُنہوں نے کارپوریشن کی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ کارپوریشن کے اثاثوں کو مؤثر طریقے سے استعمال کریں اور اسے ایک منافع بخش ادارہ بنائیں۔مشیرموصوف نے کارپوریشن کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اپنی بسوں کے فی کلومیٹر منافع میں اضافے کے لئے سخت کوششیں کرے۔ اُنہوں نے افسران سے کہا کہ کارپوریشن کو مزید قابل عمل اور منافع بخش پبلک انٹرپرائز بنانے کے لئے مزید منافع بخش راستوں کی نشاندہی کی جائے۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کارپوریشن کے دیگر اثاثوں کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ ورکشاپ میں موجود تمام گاڑیاں ایک ماہ کے اندر سڑک پر لائیں۔اس کے علاوہ کارپوریشن کی ورکشاپ میں بدانتظامی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی شروع کی جائے۔ اُنہوں نے کارپوریشن کی انتظامیہ سے کہا کہ ورکشاپ میں موجود گاڑیوں کو ان میں سے ہر ایک کی عمر اور مائلیج کا اندازہ لگانے کے بعد مرحلہ وار چلایا جائے۔مشیر موصوف نے کارپوریشن کی اِنتظامیہ سے مزید کہا کہ کارپوریشن کے لئے دیگر ذرائع سے آمدنی حاصل کرنے کے لئے اِقدامات شروع کئے جائیں ۔اُنہوںنے افسران سے کہا کہ سرکاری محکموں کی مختلف سکیموں کے بارے میں جے کے آر ٹی سی بسوں پر اشتہارات کی نمائش سے آمدنی پیدا کرنے کی فزیبلٹی کا جائزہ لیا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور ائے بھٹناگر نے اِنٹلی جنٹ ٹرانسپورٹ مینجمنٹ سسٹم ( آئی ٹی ایم ایس ) کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ کارپوریشن کی تمام کسٹمر سروس یکم جون 2022ء تک ڈیجیٹل کی جائے ۔مشیر موصوف نے آئی ٹی ایم ایس کی عمل آوری میں تاخیر کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اِس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور اِس عمل میں رُکاوٹ ڈالنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ مشیر موصوف نے کارپوریشن کے دیگر اقدامات میں آن لائن ٹکٹ بکنگ کی سہولیت، آن لائن بس شیڈول، سمارٹ سٹاف مینجمنٹ کا جائزہ لیتے ہوئے کارپوریشن کے افسران کو ہدایت دی کہ کارپوریشن کے ورک کلچر اور انتظام کو بہتر بنانے کے لئے ان تمام تکنیکی اِنٹرونشنوں کو ایک ماہ کے اندر اندرعملایا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے افسران سے کہا کہ آن لائن ٹکٹ بکنگ کو بسوں کے شیڈول کے ساتھ ملایا جائے تاکہ مسافروں کو بروقت سیٹیں الاٹ کی جاسکیں۔ مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کارپوریشن کو زیادہ سے زیادہ منافع بخش بنانے پر زور دیتے ہوئے افسران سے کہا کہ ضلع اِنتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی مشاورت کے ساتھ شہر میں بسوں کے لئے مخصوص پک اپ پوائنٹس قائم کئے جائیں تاکہ عوام کو سہولیت ہو اور وہ جے کے آر ٹی سی بسوں کی خدمات سے استفادہ کرنے کی طرف راغب ہوں۔مشیرموصوف نے افسران پر زور دیا کہ تمام اضلاع میں جے کے آر ٹی سی کے تمام ڈیپووں اور سٹیشنوں پر سہولیات اور عوامی سہولتیں قائم کی جانی چاہئیں ۔اِس کے علاوہ تمام سٹیشنوں پر بسوں کا شیڈول بھی دستیاب ہونا چاہیے۔ دورانِ میٹنگ ایم ڈی جے کے آر ٹی سی نے کارپوریشن کی طرف سے مختلف پہلوئوں پر کی گئی پیش رفت اور حصولیابیوں کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔