ایسٹیمیٹ کمیٹی کی میٹنگ

 سرینگر// جموں وکشمیرقانون ساز اسمبلی کی ایسٹیمیٹ کمیٹی کی میٹنگ بدھ کو ممبراسمبلی محمد اشرف میر کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں ارکان قانون سازیہ مبارک گل، حکیم محمدیاسین، الطاف احمد وانی، عبدالمجید پڈر، آر ایس پٹھانیہ، یاور احمد میر، ڈاکٹر شہناز گنائی اور جاوید احمد مرچل موجود تھے۔میٹنگ میں مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس، ایم ڈی ایس سی ایس ٹی او بی سی ڈیولپمنٹ کارپوریشن، ڈائریکٹر فائنانس ایس ڈبلیو ڈی، ڈائریکٹر زسوشل ویلفیئر کشمیر/ جموں کے علاوہ متعلقہ محکموں اور اسمبلی سیکریٹریٹ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔کمیٹی نے محکمہ سماجی بہبود کی متعدد بہبودی سکیموں کے تحت معاملات کے نپٹارے میں طوالت کا سنگین نوٹس لیا۔ کمیٹی نے متعلقین کو ریاست میں جووینائل ہوم کو مزید مستحکم بنانے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔کمیٹی نے التواءمیں پڑے معاملات کے فوری نپٹارے کے لئے محکمہ فائنانس سے معاملہ اُٹھانے کی ہدایت دی۔کمیٹی نے ریاست میں کام کر رہے پہاڑی ہوسٹلوں کی انٹیک صلاحیت میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان ہوسٹلوں میں بنیادی سہولیات میں بہتری لانے کی بھی ہدایت دی۔