ایسا ہی قانون لائیں گے:محبوبہ مفتی

 نیوز ڈیسک
جموں// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے 12 برس تک کے بچوں کی عصمت ریزی کے قصورواروں کو موت کی سزا دینے کے مرکزی کابینہ کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس فیصلے سے ملک میں خواتین اور کمسن بچیوں کے خلاف جرائم پرقابو پانے میں کافی حد تک مدد ملے گی۔محبوبہ مفتی نے خواتین کے خلاف جرائم کا حصہ نہ بننے کے لئے سماجی بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔۔وزیر اعلیٰ نے اس عزم کو دہرایا کہ اُن کی حکومت ریاست میں بھی اسی طرح کے قوانین لانے کا ارادہ رکھتی ہے تا کہ خواتین کے خلاف جرائم کا خاتمہ کیا جاسکے۔ادھر ریاستی وزیر قانون عبدالحق خان نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت نے کم عمر بچوں کیساتھ جنسی زیادتی کے اس حوالے سے پہلے ہی صلاح و مشورہ شروع کیا ہے اورآنے والی کابینہ میٹنگ میںقانونی ترمیم کو منظور کیا جائے گا۔