ایران و عراق میں زلزلہ

 سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے ایران اور عراق سرحد پر آئے شدید زلزلے سے ہوئی تباہی اور انسانی جانوں کے اتلاف پر اپنے گہرے رنج وغم اور دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’ ہم ان کے اس دُکھ میں برابر شریک ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ قدرت کی جانب سے پیش آئے ایسے واقعات میں انسان ہمیشہ بے بس ہوتا ہے ۔ گیلانی نے دونوں ممالک ایران اور عراق کے سربراہوں کو اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ یہ خبر ہمارے لئے انتہائی تکلیف دہ ہے اور میں اپنی قوم کی طرف سے ہمدردی اور یکجہتی کا بھرپور اظہار کررہا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دُعا گو ہوں کہ وہ آپ لوگوں کو اس مصیبت سے جلد از جلد باہر نکالے۔اس دوران پیروان ولایت نے ایران و عراق میں ہوئے زلزلے پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔پارٹی کے سرپرست اعلیٰ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے اس سانحہ پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہوئے افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مولانا نے کہا کہ دنیا کے سارے مسلمان ہمارے جگر کے ٹکڑے ہیں لہٰذا ہم اس غم برابر شریک ہیں ۔انہوں نے عالم اسلام سے اپیل کی کہ وہ باہمی اخوت و برادری کے ساتھ آپس میں ہاتھ سے ہاتھ ملا کر مسلمانوں کی سربلندی اور کامیابی کے لئے کوششیں کریں ۔