ایران سے بغیر کسی پیشگی شرط بات کرنے کیلئے تیار:ٹرمپ

واشنگٹن//امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بغیر کسی پیشگی شرط کے ایرانی رہنماؤں سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔ وائٹ ہاؤس میں پیر کو منعقد ایک پریس کانفرنس میں مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ ایران جوہری معاہدہ سے امریکہ کے الگ ہونے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے طریقوں پر بات چیت کرنے کے لئے وہ بغیر کسی پیشگی شرط کے ایرانی رہنماؤں سے ملنے کے لئے تیار ہیں۔ مسٹر ٹرمپ نے کہا''اگر وہ ملنا چاہتے ہیں، تو ہم ملیں گے ''۔ ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات سے متعلق پوچھے جانے پر امریکی صدر نے کہا''میں کسی کے ساتھ بھی ملوں گا. میں بات چیت میں یقین کرتا ہوں، خاص طور پر ان معاملات میں جہاں جنگ کا خطرہ بنا ہوا ہے ''۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اٹلی کے وزیر اعظم کے ساتھ پیر کو وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا''اگر وہ ملنا چاہتے ہیں تو میں ان سے ضرور ملوں گا. مجھے نہیں پتہ کہ وہ اب تیار ہیں. میں نے ایران جوہری معاہدے سے امریکہ کو الگ کیا. یہ ایک مضحکہ خیز معاہدہ تھا. مجھے یقین ہے کہ وہ شاید ملنا چاہتے ہیں اور میں کسی بھی وقت ملنے کے لئے تیار ہوں''۔  امریکہ کے ایران جوہری معاہدے سے الگ ہونے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کافی تلخ ہوئے ہیں۔ مئی میں مسٹر ٹرمپ نے اس بین الاقوامی جوہری معاہدے سے امریکہ کے الگ ہونے کا اعلان کیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ 22 جولائی کو مسٹر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ کر کے ایرانی صدر کو انتباہ دیتے ہوئے کہا، "امریکہ کو کبھی بھی دھمکی نہ دیں یا آپ ایسے نتائج کا سامنا کریں گے ،جس سے اب تک تاریخ میں کچھ ہی مبتلا ہوئے ہیں۔ اب ہم ایک ایسا ملک نہیں ہیں جو تشدد اور موت کے آپ کے الجھے ہوئے الفاظ کے لئے کھڑے رہیں گے ۔ خبردار رہو''۔ اس سے چند گھنٹے پہلے ہی ایران کے صدر حسن روحانی نے ایک ٹویٹ کرکے امریکی صدر کو خبردار کیا کہ امریکہ ایران کے خلاف دشمنانہ پالیسیاں نہ اپنایے ورنہ 'ایران کے ساتھ جنگ نہیں جنگ عظیم' کے لئے تیار رہے  ۔