ایجیک لیڈرعبدالقیوم وانی سرکاری ملازمت سے مستعفی

 
سرینگر//ملازمین کے مشترکہ پلیٹ فارم ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سربراہ عبدالقیوم وانی نے سبکدوشی سے قریب9ماہ قبل ملازمت سے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دیا۔ انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا کہ وہ مین اسٹریم سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔عبدالقیوم وانی نے جمعہ کو نوکری اور ایمپلائز ایکشن کمیٹی سے سبکدشی کا اعلان کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالقوم وانی پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں اور آئندہ پارلیمانی انتخابات میں وہ پارٹی کی طرف سے شمالی کشمیر کیلئے ممکنہ امیدوار ہونگے۔جمعہ کو قریب3بجے انہوں نے ملازمین اتحاد ایجیک اور ٹیچرس فورم کے نام بھی مکتوب روانہ کئے،جس میں انہوں نے دونوں ملازم جماعتوں کی بنیادی ممبر شپ سے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔انہوں نے نائب صدر ریاستی یمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نام مکتوب میں کہا ’’ چونکہ میں نے یکم فروری2019سے ذاتی بنیادوں پر سرکاری ملازمت سے رضاکارانہ سبکدوشی کیلئے رجوع کیا ہے،اب میں یہ اخلاقی ذمہ داری سمجھتا ہوں کہ ایجیک اور ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی صدارت کے علاوہ ٹیچرس فورم کے چیئرمین سے فوری طور پر مستعفی ہوجائوں‘‘۔مکتوب میں مزید کہا گیا ہے’’ میرے استعفیٰ نامہ کو تسلیم کیا جائے اورایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ منسلک تمام اداروں کے سربراہوں اور اکائیوں کو اس بارے میں مطلع کیا جائے‘‘جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران عبدالقیوم وانی کے استعفی کو منظوری دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایجیک ایک غیر سیاسی جماعت ہے اور عبدالقیوم وانی نے استعفیٰ دیا ہے اس کو قبول کیا جاتا ہے۔سرینگر کے ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایجیک کے ترجمان خورشید احمد نے نائب صدر منظور احمد پانپوری اور جنرل سیکریٹری شبیر احمد لنگو کے علاوہ سنیئر لیڈر سجاد احمد پرے کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنیئر نائب صدر فیاض شبنم کے قائمقام صدر ہونے کا اعلان کیا۔