ایجوکیشن ماڈل کوآسان بنایا جانا ضروری: مودی

نئی دہلی//(یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے بدلتے وقت کی ضرورتوں کے پیش نظر ایک ایسے لچیلے اور آسان ایجوکیشن ماڈل پر زور دیا ہے جو طلبہ کی ضروریات کے مطابق تعلیم کے مواقع دینے میں اہل ہو۔ انہوں نے کہا کہ رسائی، سستی، برابری اور معیار، تعلیمی ماڈلز کی بنیادی اقدار ہونے چاہیئیں۔ مودی نے جمعرات کو ویڈیو کانفرنسنگ  کے ذریعے مرکزی مالی اعانت سے چلنے والے اداروں کے ڈائریکٹر کے ساتھ بات چیت کی۔ اس بات چیت میں 100 سے زیادہ اداروں کے سربراہ شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے کووڈ کے سبب پیدا ہوئے چیلنجز کا سامنے کرنے کی سمت میں ان اداروں کی جانب سے کیے گئے ریسرچ اور ترقیاتی کاموں کی تعریف کی۔ انہوں نے فوراً ٹیکنالوجیکل حل مہیا کروانے کی سمت میں نوجوان انوویٹروں کی کوششوں کی تعریف بھی کی۔ مودی نے کہا کہ بدلے حالات اور ابھرتے چیلنجز کے ساتھ تال میل رکھنے کے لیے اعلیٰ تعلیم اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کو اختیار  کرنے کی ضرورت  ہے۔ اس  کے لیے اداروں کو ملک اور سماج کی موجودہ اور مستقبل کی ضرورتوں کے مطابق آپشنل اور انوویٹیو ماڈل تیار کرنے اور نیا پن لانے اور ذاتی محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمارے اعلیٰ تعلیمی اور ٹیکنیکل اداروں کو چوتھے ٹیکنیکل انقلاب کا خیال کرتے ہوئے نوجوانوں کو مسلسل رکاوٹوں اور تبدیلی کے لیے تیار کرنے کی ضرورت ہے۔