ایجنڈا آف الائنس کا اب کوئی وجود نہیں:حکیم یاسین

سرینگر//پی ڈی ایف کے صدر حکیم محمد یاسین نے کہا ہے کہ بھاجپا لیڈران کے بیانات سے یہ صاف ہوگیا ہے کہ ایجنڈا آف الائنس کااب کوئی وجود ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی صدر امیت شاہ اور نئی دلی کے رویہ سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کشمیر میں علیحدگی پسندوں کے ساتھ مذاکرات نہیں چاہتے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ 2 برسوں کے دوران کشمیریوں کو ایجنڈا آف الائنس کے لالی پاپ میں الجھا کر رکھا گیا اور اب کشمیری عوام اس سے اکتا چکے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ امیت شاہ ، ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور بھاجپا کے دیگر لیڈران نے صاف کر دیا ہے کہ تشکیل حکومت کے حوالے سے کوئی ایجنڈا آف الائنس نہیں ہے ۔ حکیم محمد یاسین نے کہا کہ بھاجپا لیڈران نے یہ بھی ثابت کر دیا ہے کہ ایجنڈا آف الائنس صرف ایک کاغذ کا ٹکڑا ہے اور کچھ نہیں ۔ حکیم محمد یاسین نے کہا کہ کشمیری عوام کو مزید اندھیرے میں نہیں رکھا جاسکتا ہے کیونکہ اب انہیں یہ معلوم ہو چکا ہے کہ انہیں ایجنڈا آف الائنس کے نام پر کس طرح گزشتہ 2 برسوں کے دوران گمراہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ بھی واضح ہوچکا ہے کہ ایجنڈا آف الائنس صرف جموںوکشمیر میں اقتدار کی کرسی براجمان ہونے کا ایک نسخہ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال انتہائی نازک ہے اور جب تک مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے تمام فریقین کو مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں بنایا جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ اب کشمیر میں طلاب سڑکوں پر سراپا احتجاج ہے اور اس تشویشناک صورتحال سے صرفِ نظرنہیں کیا جاسکتا ۔ جب تک جامع مذاکراتی عمل شروع نہیں ہوتا تب تک کشمیر میں حالات بھی معمول پر نہیں آئیں گے لہٰذا اس کیلئے حکومت ہندوستان کو علیحدگی پسندوں سمیت تمام فریقین کے ساتھ بات چیت کرنی چاہئے ، اور اگر ایسا نہیں کیا گیا تو آنے والے وقت میں کشمیر کی صورتحال اور خطرناک ہوسکتی ہے ۔