ایام فاطمیہ ؑ کی مناسبت سے کینہ ہامہ میں مجلس عزا

سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے ایام فاطمیہؑ کی مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلے میں تنظیم کے اہتمام سے کینہ ہامہ چاڈورہ میں مجلس عزا منعقد ہوئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوںنے شرکت کی۔ تنظیم کے مرکزی ذاکرین نے دن بھر مرثیہ خوانی کی۔اس موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے سیرت زہراؑ کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔انہوں نے کہا کہ آج ہمارا معاشرہ طرح طرح کے سماجی بدعات و رسومات اور بے حیائی کی وجہ سے مختلف مصائب و مشکلات کا سامنا کررہا ہے اور ہر کوئی ان سماجی بدعات کے خاتمے کیلئے فکر مند ہے۔تاہم حقیقت یہ ہے کہ ایک صالح مسلمان سماج کی تعمیر اور سماجی بدعات کے خاتمے کی کوئی کوشش تب تک بارآور ثابت نہیں ہوگی جب تک ہماری خواتین سیرت زہراؑ کی پیروی نہ کریں۔